ایران اور اسرائیل دونوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے 13 اپریل کو ہونے والے حملے میں کامیابی حاصل کی۔ ایک جانب ایران یہ کہہ رہا ہے کہ اس نے اسرائیل پر کامیابی سے حملہ کیا جبکہ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے یہ حملہ ناکام بنا دیا۔
ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں کا کہنا ہے کہ انھوں نے اسرائیل پر حملے کو ’محدود‘ رکھا اور ان کا ہدف‘ اسرائیلی آبادی اور اقتصادی مراکز‘ نہیں بلکہ فوجی اڈے تھے۔
اسرائیل نے 19 اپریل کو ایک جوابی کارروائی میں ایران پر حملہ کیا ہے جس کی تفصیلات ابھی تک معلوم نہیں۔
ہم ایران کے اسرائیل پر کیے گئے حملے میں ہونے والے نقصان کو سمجھنے کے لیے سیٹلائٹ تصاویر، ویڈیوز، تصاویر اور فوجی عہدیداروں کے بیانات کا جائزہ لیتے ہیں اور اس کے ذریعے اس بات کی وضاحت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہمیں اب تک اس حملے سے متعلق کیا معلوم ہے اور کیا نہیں۔